عقابی روح کی تلاش ہے

🌺 *صدائے دل ندائے وقت*🌺

               *عقابی روح کی تلاش ہے*

    آج کی ظالمانہ،مشرکانہ اور مسلم کش حکومتوں میں ایسے انقلابی جان اور عقابی روح کی تلاش ہے،جو دہر میں ایمان کی شمع روشن کردے،خلافت کا مفہوم اور جان نشینی کا حق ادا کردے،جو قرآن وسنت اور روح ایمانی کو عملی میدان میں برت کر حیات جاویدانی نصیب کرے،جو بیک وقت فولاد کا سا ایمان اور شمشیر کی سی صیقل و دوٹوک فراست رکھتا ہو،جس کے اندر موجوں کی روانی اور طوفان وتلاطم کا سا ہیجان ہو، جونہ صرف الحادیت ولادینیت اور گندگی کا استیصال کرے؛ بلکہ ایک صالح معاشرہ اور نیک طینت وپاک باز وپاک فکر کی تشکیل بھی انجام دے،جس کا سر صرف ایک اللہ کے سامنے جھکتا ہو ،جو ایمان وعقیدہ کی حقیقی جوش اور ولولہ سے سرشار ہو،وہ ایسے نوجوان ہوں جو وعدہ کریں تو سچ کر دکھائیں،جنہیں اپنی جان کی پرواہ نہ ہو ،بلکہ وہ اسے خدا کا قرض سمجھ کر ہمیشہ اس سے دست کش ہونے اور جام شہادت کو آب زممزم سمجھ کر نوش کریں،ان کی شب کی تاریکی اور دن  کے اجالے میں کوئی فرق نہ ہو،وہ ہر آن عبادت و ذکر الہی اور خشیت قلبی سے رطب اللسان ہوں۔
    *آج زمانہ پھر ان بیدردوں کو یاد کررہا ہے،جو اصحاب کہف کے نوجوان اور مکہ کے دوچند جاں فروش اور سر بکف نوجوان ہوں،جن کے آگے مشرکیں کی چالیں ناکام ہوں،کافرانہ عقائد اور تخیلات و ہیولہ کا ڈھانچہ خدا خدا کرکے زمیں دوز ہوجائے،جن کے سامنے دجالی حکومتیں بو نی معلوم ہوتی ہوں،اور ان کی ہمت وشجاعت اور دل انگیز ایمانی کیفیت سے ایوانوں اور اسمبلیوں میں تہلکہ مچ جائے،ان کے اندر اتنی جسمانی وایمانی جوش ہو؛کہ صفحہ ہستی کا ہر خطہ ان کے غضب سے تھرائے اور ان کی دلسوزی اور عفو درگزری کی مثالیں دے،وہ جہاں سے گزر جائیں علم وعمل اور ایمان وعقیدہ کی فضا عام ہوجائے، مشرکانہ یا مبتدعانہ رسم ورواج کا قلع قمع ہوجائے،کسی پل باطل کو یہ خیال بھی نہ یونے پائے ؛کہ کسی صاحب ایمان کو گزند پہونچائی جائے،یا انہیں کسی قسم کی تکلیف سے دوچار کیا جائے،بلکہ ان کے رعب ودبدبہ میں کسی اشداء علی الکفار اور آپسی تعلقات یا اخوت وبھائی چارگی میں رحماء بینھم کی زندہ تصویر ہوں*۔
      جب تک ایسے نوجوان امت اسلامیہ میں موجود رہے،خواہ وہ خال خال ہی کیوں نہ ہوں؛تب تک دنیا کا کوئی حصہ ایسا نہ تھا؛ کہ کسی مسلمان پر کوئی زیادتی ہو،کوئی انہیں عبادات سے روک سکے ،ان کے شعائر کا تعاقب کرے،انہیں زمانے میں رسوا کرکے نئے نئے پروپیگنڈے کرے،یا اسلام اور انکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جائے،اور ان پر طرح طرح کے شرائط لگائے جائیں،آج بھی اگر وہی انقلابی مومن پیدا ہوگیا اور وہی عقابی روح زندہ ہوگئی، تو یقین جانئے عظمت رفتہ کی واپسی طے ہے،احیائے سنت وخلافت طے ہے،اورله الخلق والأمر کی حقیقی تصویر طے یے،کاش ہم میں وہ نوجوان پیدا ہوں ،جو حق وباطل کے اس کشمکش میں جاء الحق و زهق الباطل .....کی حقیقت سامنے لائے اور باطل اپنے تمامتر پردوں میں بھی ننگ وعار نظر آئے اس کا ہر کپڑا چاک ہوچکا ہو،اور سوائے اس کی رسوائی اور ہنسی،ٹھٹھے کے کوئی انجام باقی نہ رہ گیا ہو،چہار سو اس کیلئے اجنبیت کی چادر تنی ہو اور اسے کسی لمحہ کا قرار میسر نہ ہو۔

      ✍ *محمد صابرحسین ندوی*
Mshusainnadwi@gmail.com
8120412392

Comments

Popular posts from this blog

حرکت میں برکت

دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کے رات دن