غیبت کرنے پر عبرت ناک خواب

           غیبت کرنے پر عبرت ناک خواب

چنانچہ ایک تابعی جن کا نام ربعی ہے۔ وہ اپنا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں ایک مجلس میں پہنچا۔ میں نے دیکھاکہ لوگ بیٹھے ہوئے باتیں کر رہے ہیں ، میں بھی اس مجلس میں بیٹھ گیا۔ اب باتیں کرنے کے دوران کسی آدمی کی غیبت شروع ہوگئی،مجھے یہ بات بری لگی کہ ہم یہاں مجلس میں بیٹھ کر کسی کی غیبت کریں ، چنانچہ میں اس مجلس سے اٹھ کر چلا گیا۔ اس لئے اگر کسی مجلس میں غیبت ہورہی ہو، تو آدمی کو چاہئے کہ اس کو روکے، اور اگر روکنے کی طاقت نہ ہوتو کم از کم اس گفتگو میں شریک نہ ہو۔ بلکہ اٹھ کر چلاجائے چنانچہ میں چلاگیا، تھوڑی دیر بعد خیال آیا کہ اب اس مجلس میں غیبت کا موضوع ختم ہوگیا ہوگا، اس لئے میں دوبارہ اس مجلس میں جاکر ان کے ساتھ بیٹھ گیا۔ اب تھوڑی دیر ادھر ادھر کی باتیں ہوتی رہیں ، لیکن تھوڑی دیر کے بعد پھر غیبت شروع ہوگئی، لیکن اب میری ہمت کمزور پڑگئی، اور میں اس مجلس سے نہ اٹھ سکا، اور جو غیبت وہ لوگ کر رہے تھے پہلے تو اس کو سنتا رہا اور پھر میں نے خود بھی غیبت کے ایک دو جملے کہہ دیئے۔
جب اس مجلس سے اٹھ کر گھر واپس آیا اور رات کو سویا تو خواب میں ایک انتہائی سیاہ فام آدمی کو دیکھا، جو ایک بڑے سے طشت میں میرے پاس گوشت لے کر آیا جب میں نے غور سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ وہ خنزیر کا گوشت ہے اور وہ سیاہ فام آدمی مجھ سے کہہ رہا ہے کہ یہ خنزیر کا گوشت کھائو۔ میں نے کہا کہ میں مسلمان آدمی ہوں ،خنزیر کا گوشت کیسے کھائوں ؟ اس نے کہا کہ نہیں ، یہ تمہیں کھانا پڑے گا۔ اور پھر زبردستی اس نے گوشت کے ٹکڑے اٹھاکر میرے منھ میں ٹھونسنے شروع کردیئے۔ اب میں منع کرتا جارہا ہوں ۔ وہ ٹھونستا جارہا ہے، یہاں تک کہ مجھے متلی اور قے آنے لگی، مگر وہ ٹھونستا جارہا ہے، پھر اسی شدید اذیت کی حالت میں میری آنکھ کھل گئی۔ جب بیدار ہونے کے بعد میں نے کھانے کے وقت کھانا کھایا تو خواب میں جو خنزیر کے گوشت کا بدبودار اور خراب ذائقہ تھا، وہ ذائقہ مجھے اپنے کھانے میں محسوس ہوا، اور تیس دن تک میرا یہ حال رہا جس وقت بھی کھانا کھاتا، تو ہر کھانے میں اس خنزیر کے گوشت کا بدترین ذائقہ میرے کھانے میں شامل ہوجاتا اور اس واقعہ سے اللہ تعالیٰ نے اس پر متنبہ فرمایا کہ ذراسی دیر جو میں نے مجلس میں غیبت کرلی تھی، اس کا برا ذئقہ میں تیس دن تک محسوس کرتا رہا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔ آمین

Comments

Popular posts from this blog

الوداعی ترانہ

دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کے رات دن