#پریس_کانفرنس: "ریپ ان انڈیا کلچر کے خلاف "
*#پریس_کانفرنس: "ریپ ان انڈیا کلچر کے خلاف "*
دلت، سکھ، رہنماﺅں سمیت معروف شخصیات کی شرکت:
پورا ملک موجودہ حکومت کے سیاسی جرائم سے بے چین ہے، مرکزی حکومت کے خلاف عوامی ناراضی کا عالم فلک شگاف ہے، لیکن اس حکومت نے طے کرلیاہے کہ، ہم نظراندازی کی پالیسی اختیار کر کر کے بچ نکلیں گے، لیکن اگر بالغ شعور قومی کارکنان اس کے خلاف محاذآرائی پر ڈٹ جائیں تو ان کے خیمے اکھڑ سکتےہیں، کیونکہ، یہ خیمے ظلم و ستم اور نفرت و غلامی کی بنیادوں پر قائم ہیں، بظاہر کتنے ہی مضبوط نظر آئیں درحقیقت سراب ہیں، بس مستقل مزاجی کے ساتھ مشن پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
اس سرکار میں جس طرح جرائم اور بے ہنگم، غیر مہذب بھیڑ والی معاشرت کو بڑھاوا دیا جارہاہے، اس کا مطمح نظر ہر طبقے کے انسانوں کو جدید عہد میں بھی قدیم منوسمرتی والے عہد کے مانند زندگی گذارنے کا عادی بناناہے ۔
جموں کشمیر، اناؤ، سورت، امیٹھی اور مہاراشٹر میں جس قسم کی سفاک واردات معصوم بچیوں کے ساتھ پیش آئی ہیں، وہ خونچکاں ہیں، اس عمر کی بچیاں جنہیں اپنے اعضاء جسمانی تک کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہوتی، اب بھیڑیا پن ان پر حملہ آور ہے، ایسے سماج دشمن مجرموں کو پہلی فرصت میں پھانسی ہونی چاہیے لیکن، پھانسی تو درکنار، ہمارے بھارت میں کہیں صوبائی گورمنٹ تو کہیں قانون کے رکھوالے وکلا اور جمہوریت کے نمائندے ممبران ایسے حیوانوں کی حمایت میں ترنگا ریلی نکال رہےہیں، بھگوان رام کا نام ان کو بچانے کے لیے استعمال ہورہاہے اور حکومتیں تماشائی بنی ہوئی ہیں، ملک بھر میں احتجاج ہورہاہے لیکن حکومت نظر انداز کررہی ہے، اسی کے پیش نظر کل ممبئی کے مراٹھی پترکار سنگھ میں کاروان امن و انصاف نے ان جرائم اور حکومتی نظراندازی کے خلاف پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، اور پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا، کاروان کی یہ پریس کانفرنس نہایت کامیاب رہی، اس میں،کارواں کے ترجمان اور مشہور سماجی شخصیت، مولانا لقمان ندوی صاحب،پتھر والی مسجد ممبئی کے امام و خطیب اور کارواں کے مرکزي محتسب قاضی عبدالاحد صاحب، حلال کاؤنسل آف انڈیا کے بانی اور کارواں کے مرکزی نائب صدر مفتی انور خان سرگروہ صاحب، اور ان کے ساتھ کارواں کی اس نشست میں، سکھ رہنما ایس پی آھوجا صاحب،بھیم سینا کے دلت رہنما ایڈووکیٹ ڈاورے صاحب، معروف ملی رہنما مولانا محمود دریابادی صاحب،جے ھو فاؤنڈیشن کے صدر، افروز ملک صاحب،ایم آئی ایم لیڈر حاجی عبدالحمید صاحب، جاوید شیخ صاحب، نیشنل موومنٹ کے صدر ھارون افروز صاحب، کارواں ممبئی کے مفتی طاہر صاحب، مفتی عبدالرحمن ملی صاحب، سوشل ورکر جناب فیصل بنارس والا، ابو حذیفہ اعظمی صاحب، عبدالرحمن ندوی اور دیگر انصاف پسند حضرات موجود تھے ۔
اس پریس کانفرنس میں دلائل کی روشنی میں حکومت کے جرائم کو سامنے لایاگیا، سبھی نے پرزور طریقے سے میڈیا کو بتایا کہ کس طرح ہمارا ملک تباہی کی طرف جارہاہے، کارواں نے اس پریس کانفرنس میں پوری طاقت سے، جموں میں تشدد متاثرہ کے حق میں لڑائی لڑنے والی دیپکا سنگھ راجاوت کی حمایت اور ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا ۔
مندرجہ ذیل ویڈیوز دیکھیں، سنیں، اور وائرل کریں، اگر میڈیا باقاعدگی سے کی جانے والی اس پریس کانفرنس کو بھی نظرانداز کردیتاہے اور عوامی ناراضی کو موضوع نہیں بناتاہے تو یقینًا جمہوریت خطرے میں ہے ۔
میں کارکنان کاروان، CPJ, India کو اس عظیم جراتمندانہ اقدام کے لیے مبارکباد دیتاہوں، خاص طور پر ہدیۂ تشکر پیش کرتاہوں لقمان ندوی صاحب اور ان کی ٹیم کو، نیز، مفتی انور صاحب، قاضی عبدالاحد صاحب اور مفتی طاہر چوہان صاحب کے بھی شکرگزار ہیں ۔
*سمیع اللّٰہ خان*
جنرل سکریٹری: کاروانِ امن و انصاف
ksamikhann@gmail.com
Comments
Post a Comment